خبرنامہ پاکستان

سی پیک مشتر کہ تعاون کمیٹی نیگوادر پورٹ کی اپ گریڈیشن

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری کی چھٹی مشتر کہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) نے گوادر میں اہم منصوبوں میں گوادر پورٹ کی اپ گریڈیشن ، ایکسپریس وے ،گوادر انٹرنیشل ایئر پورٹ اورگوادر فری زون و پورٹ ڈیویلپمنٹ سمیت مختلف منصوبوں کی منظوری دی ہے جس پر بعض منصوبو ں پر کام رواں سال مارچ میں شروع ہوگا جبکہ کئی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ وزارت منصوبہ بندی وترقی کے زرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری کیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام خطیر رقم مختص کیا ہے،حکومت مالی سال کے بجٹ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے تاکہ اس کی تکمیل سے ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی اور خوشحالی کے اہداف میں مدد حاصل کی جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ گوادر بندرگاہ کی استطاعت بڑھانے کیلئے گوادر اپ گریڈیشن منصو بے جس میں موجودہ کثیر المقاصد ٹرمینل کی توسیع اور ایسٹ بے ایکسپریس وے،گوادر ائر پورٹ پر کام تیز کرنے کیساتھ ساتھ گوادر میں واٹر سپلائی سکیم پر فوری کام شروع کرنے پر بھی اتفا ق کیا گیا ہے ، گوادر شہر کو منصوبہ بندی کے تحت تعمیر کرنے کیلئے گوادرماسٹرپلان کو مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جے سی سی نے گوادرمیں تین سو میگا واٹ بجلی منصوبے کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا، بجلی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کوئلے سے چلنے والے اس منصوبے پر 31مارچ سے قبل کام شروع ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ گوادر فری زون و پورٹ ڈیویلپمنٹ کے مختلف منصوبوں اور گوادر ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے تعمیراتی کام کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جہاں سٹیل ، پٹروکیمیکلز و دیگر صنعتوں کے قیام پر کام شروع ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سوشل سیکٹر ڈیویلپمنٹ کے ضمن میں چین کی جانب سے گوادر ہسپتال کو 150بیڈز تک اپ گریڈیشن ،تعلیم کے شعبے میں مزید کام کرنے ، گوادر یونیورسٹی کے ساتھ صف اول کی چینی یونیورسٹی کے تعاون کے حوالے سے فیصلہ ہوا ہے، چینی یونیورسٹی گوادر یونیورسٹی کے ساتھ مل کر میرین و میری ٹائم کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ گوادر کے ماہی گیروں اور کشتی بنانے والوں کے روزگار کیلئے کام کرن اور اسے تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔