خبرنامہ پاکستان

سی پیک منصوبہ کی تکمیل دشمن کے لیے موت ثابت ہوگی: احمد لدھیانوی

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) دفاع پاکستان کونسل اورتحفظ حرمین کونسل کے مرکزی رہنماء قائد اہل سنت پاکستان علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ گوادربندرگاہ سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز خوش آئند اور قابل تحسین ہے جس نے پاکستان کا ترقی یافتہ چہرہ دنیابھرمیں ظاہر کردیا ،سی پیک منصوبہ کی جھلک نے دشمن ممالک کوپریشان کردیا ہے جبکہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل دشمنان وطن کے لیے موت ثابت ہوگی ،پاک چین اقتصادی راہداری میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کااہم کردار ہے جنہوں نے پورے خطے بالخصوص ملک پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا ہے ۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ بم دھماکے دشمن کی آخری سانسیں ہیں جس میں انکے آلہ کار استعمال ہورہے ہیں ۔علامہ لدھیانوی کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے 7جوانوں کی شہادت کا عالمی ادارے نوٹس لیں ۔پاکستان کی افواج اور عوام دونوں دہشتگردی کا شکار ہیں جس پر عالمی قوتوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی نظر نہیں آتی جبکہ پاکستان سے باہر کچھ بھی ہوجائے تو اس پر عالمی سطح پر آوازیں بلند ہوتی نظر آتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے لاکھوں جوان تیار اور فوج کے شانہ بشانہ ہیں ۔عالم اسلام ہر طرف سے دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے دشمن قوتیں اسلامی ممالک کو نشانہ بنارہی ہیں جس پرپوری امت مسلمہ گہری تشویش میں مبتلا ہے ۔