خبرنامہ پاکستان

سی پیک منصوبے پراحسن طریقےسےعملدرآمد ہورہا ہے:چینی سفیر

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں متعین چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر چین کے عدم اطمینان سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر احسن طریقے سے عمل درآمد ہورہا ہے‘ اقتصادی راہداری منصوبے پر پیش رفت سے مطمئن ہیں۔ وہ جمعرات کو مزار قائد کے لئے فانوس بطور تحفہ دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر عمل درآمد سے مطمئن ہیں منصوبے پر چین کے عدم اطمینان سے متعلق باتیں افواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں ‘ عوام اور خطے کے مفاد میں ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے پر احسن طریقے سے عمل درآمد ہورہا ہے۔ منصوبے پر پیش رفت اطمینان بخش ہے۔ دونوں ممالک کی حکومتیں اس منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے قریبی تعاون کررہی ہیں۔جو ایک شاہراہ ایک پٹی منصوبے کا پائلٹ پروجیکٹ ہے ۔منصوبے پرعمل درآمد کو دونوں جانب سے سختی سے مانیٹر کیاجارہا ہے اس سلسلے میں منفی تاثر دینے کی کوئی بنیاد نہیں ہے ۔