خبرنامہ پاکستان

سی پیک پاکستان اور چین کی پرانی دوستی کا ایک عکس ہے، چینی سفیر

چینی سفیر

سی پیک پاکستان اور چین کی پرانی دوستی کا ایک عکس ہے، چینی سفیر

اسلام آباد(ملت آن لائن) پاکستان میں چین کے سفیر ژاؤ جنگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) پاکستان اور چین کے درمیان برسوں پر محیط پرانی دوستی کا ایک عکس ہے اور یہ ہماری آنے والی نسلوں کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ مقامی ہوٹل میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان خون دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو اس جہت پر لے جائے گا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کام جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں تیسری مرتبہ ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے اور یہ میرے لئے نئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے آل پاکستان چائنہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی اور سماجی و سیاسی تعلقات میں بڑھوتری کے لئے اس کا کردار اہم ہے۔ قبل ازیں آل پاکستان چائنہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کی صدر عطیہ قطب نے خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنی ایسوسی ایشن کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان روابط بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھانے کا عزم کیا۔ یہ ایسوسی ایشن گزشتہ چالیس سال سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے فعال کام کر رہی ہے۔ عشائیہ میں ایسوسی ایشن کے سینئر عہدیداروں، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران، سینئر سرپرست، سابق صدور اور ان کی فیملیز کے علاوہ چینی سفارت خانہ سے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ ایسوسی ایشن نے چینی سفیر کو منفرد ٹرک آرٹ کا تحفہ دیا۔ دفتر خارجہ میں چین پاکستان ڈیسک کی نمائندہ صائمہ نے اس تقریب کے انعقاد میں مکمل تعاون کیا۔