خبرنامہ پاکستان

سی پیک پاکستان میں اقتصادی ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرے گا

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاک چین مشترکہ ایوان صنعت وتجارت کے صدر وانگ ژی ہائی کی قیادت میں چینی کمپنی کے ایک 12رکنی وفد نے پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور کاروباری مواقعوں کے امکانات کا جائزہ لینے کے لئے اسلام آباد ایوان صنعت وتجارت کا دورہ کیا۔ یہ وفد توانائی، رئیل اسٹیٹ وتعمیرات، فارماسیوٹیکل، بائیو ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل انڈسٹری، زرعی سائنس وٹیکنالوجی، فرنیچر، کیمیاوی کھاد، سیمینٹ اور دیگر شعبوں کی نمائندگی کرتا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وانگ ژی ہائی نے کہا کہ چینی کمپنیاں کاروباری مواقعوں کے لئے پاکستان میں زیادہ دلچسپی لے رہی ہیں اور ان کے موجودہ دورے کا مقصد باہمی تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لینے کے لئے پاکستانی تاجروں کے ساتھ رابطہ قائم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا سی پیک پاکستانی ایس ایم ایز کے لئے فائدہ مند ہوگا کیونکہ یہ انہیں چینی کمپنیوں کے ساتھ ہاتھ ملانے اور مشرق وسطیٰ ، افریقہ اور دیگر خطوں کے ساتھ کاروبار کو فروغ دینے کے اچھے مواقعے فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان میں اقتصادی ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔ اپنے خیرمقدمی خطاب میں اسلام آباد ایوان صنعت وتجارت کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی ساتھی ہے اور دوطرفہ تجارت2015میں 16بلین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جو کہ بڑی حوصلہ افزا بات ہے ۔