نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ سی پیک سے خطے کے دیگرممالک بھی مستفید ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کی مالی امورکی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کا مقصد مشترکہ معاشی وترقیاتی اہداف کا حصول ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ جنوب جنوب تعاون کی غیرمعمولی مثال ہے، جنوب جنوب تعاون شمال جنوب تعاون کا متبادل نہیں ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیرممالک کے درمیان تعاون کواہمیت دیتا ہے، کئی ترقی پذیر ممالک کوتکنیکی سپورٹ، وسائل مہیا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے تعاون ضروری ہے، اقوام متحدہ دیرپا ترقی کے مقاصد کے حصول پر توجہ مرکوز رکھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی انسانی بنیادوں پرامداد کوسیاسی مفادات کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ غزہ میں پُرامن فلسطینی مظاہرین کا خون بہایا جا رہا ہے، اسرائیلی بستیوں کی غیرقانونی توسیع بلاروک ٹوک جاری ہے۔