خبرنامہ پاکستان

سی پیک کے تحت پاکستان میں انفراسٹرکچر کی تعمیر وترقی تیز رفتاری سے جاری ہے

بیجنگ (ملت + آئی این پی) پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان کے انفراسٹرکچر کی تعمیر وترقی کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے ۔چینی میڈیا نے سینئر چینی ذرائع کے حوالے سے بیان کیا ہے کہ چین راہداری منصوبہ کے تحت پاکستان کے انفراسٹرکچر کے تعمیر وترقی کے عمل کا جائزہ لے رہا ہے ، شاہراہ قراقرم کی تعمیر نو اور اس کی اپ گریڈیشن میں پیش رفت جاری ہے جبکہ پشاور کراچی ایکسپریس وے(سکھر ملتان سیکشن)جو کہ راہداری کا سب سے بڑا ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کا منصوبہ ہے اس پر بھی موثرطریقے سے کام ہو رہا ہے ۔ دوسری جانب 64کلومیٹر طویل ایم فور ہائی وے (شورکورٹ۔ خانیوال) پر بھی قابل ذکر نتائج مل رہے ہیں ۔ یہ پاکستان کا پہلا منصوبہ ہے جس پر ایشین انفرانسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سرمایہ کاری کر رہا ہے ۔راہداری منصوبہ کو ون بیلٹ ون روڈ کا پہلا قدم قراردیا گیا ہے جس کا معاشی مرکز گوادر بندرگاہ ہے ۔بیلٹ اینڈ روڈ سے ٹھوس نتائج حاصل کئے جارہے ہیں جس نے عالمی معیشت کی بحالی میں کردار ادا کرتے ہوئے درمیانی اور طویل المدتی معاشی شرح نمو میں بھی اضافہ کیا ہے ۔پاکستان اور چین کی قیادت کا یقین ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ جنوبی ایشیائی خطے کے لئے اہمیت کا حامل ہے جس سے چین، وسطی ایشیا، جنوبی ایشیااور مشرق وسطیٰ کے تین ارب لوگ مستفید ہوں گے ۔