خبرنامہ پاکستان

سی ڈی اے نے اسلام آباد میں شجرکاری مہم کی تیاریاں مکمل کرلیں،7 مارچ سے آغاز ہوگا

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شجرکاری مہم کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 7 مارچ سے ایف نائن پارک سے آغاز ہوگا۔ سی ڈی اے کے ممبر انوائرمنٹ ثناء اﷲ امان نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران شہر کے مختلف مقامات، گرین بیلٹس، شاہراہوں کے کنارے اور مارگلہ کی پہاڑیوں پر آٹھ لاکھ پودے لگائے گا، اس دوران پھلدار، پھولدار اور سایہ دار اور سدا بہار درخت لگائے جائیں گے۔ سی ڈی اے نے شجرکاری مہم کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ افتتاحی تقریب میں مختلف اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات اور ماحول کے لئے کام کرنے والی این جی اوز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے اور اپنے حصہ کا پودا لگائیں گے جبکہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران شہریوں کو مفت پودے سی ڈی اے فراہم کرے گا جس کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے اور مختلف پمفلٹس کے ذریعے شہریوں کو درخت لگانے اور درخت کی حفاظت کرنے سے متعلق شعور دیا جائے گا تاکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خوبصورت ترین اور سرسبز و شاداب شہر بنایا جا سکے اور قدرتی حسن اور اسلام آباد کی شادابی کے عنصر کو برقرار رکھا جا سکے۔ ثناء اﷲ امان نے بتایا کہ شجرکاری مہم میں سی ڈی اے کو پی ٹی سی ایل، سنٹوریس، یونیورسٹیوں اور غیر سرکاری رفاحی تنظیموں کا تعاون حاصل ہے جبکہ بعد ازاں لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال اور نگرانی کے لئے بھی انتظامات کئے جائیں گے۔