خبرنامہ پاکستان

سی ڈی اے: نے موسم بہار کی شجر کاری کا آعاز کر دیا

اسلام آباد ۔(اے پی پی) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) نے موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آعاز کر دیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے فاطمہ جناح ایف نائن پارک میں پودا لگا کر باضابطہ شجر کاری مہم کا آعاز کیا۔ اس حوالے سے افتتاحی تقریب پیر کو فاطمہ جناح پارک اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل، ممبر ایڈمن عامر علی احمد، ممبر ماحولیات ثناء اﷲ امان، ڈپٹی ڈی جی ماحولیات افتحار اعوان، سابق سیکریٹری خارجہ اکرم ذکی، ظفر بختاوری، چانسلر پرسٹن یونیورسٹی ڈاکٹر عبدالباسط، اسلام آباد کے سرکاری اور نجی اسکولوں کی انتظامیہ، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، این جی اوز، سرکاری اور نجی ادارے، ماحولیات ونگ کے علاوہ سی ڈی اے کے افسران اور ملازمین سیمت دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران سی ڈی اے 3 لاکھ پودے لگائے گا تاہم سی ڈی اے مختلف اسکولوں، کالجوں، این جی اوز اور دیگر اداروں کے اشتراک سے 4 لاکھ 50 ہزار پودے لگائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں شجر کاری مہم کے دوران 2 لاکھ 25 ہزار پودے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں جبکہ 75 ہزار پودے اسلام آباد میں موجود پارکوں اور میڈین سٹرپس پر لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر چےئرمین سی ڈی اے نے انوائرمنٹ ونگ کو ہدایت کی کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور لوگوں تک مفت پودوں کی فراہمی کویقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف اہم مقامات پر آگاہی بینرز اور سٹریمرز لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نہ صرف شجر کاری مہم میں مختلف مقامات پر پودے لگائے گا بلکہ اس کی خفاظت کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے اور اس مہم میں اسلام آباد کے تمام طلباء اور طالبات کو بھی شامل کیا جائے تاکہ پورے شہر میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جا سکیں۔ شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر ماحولیات ثناء اﷲ امان نے کہا کہ صدر مملکت نے دو روز قبل موسم بہار شجر کاری مہم کا افتتاح کیا تاہم سی ڈی اے پہلا ادارہ ہے جس نے شجر کاری مہم کا آعاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اسلام آباد کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی وزیراعظم کی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے کے لئے مختلف اسکولوں، کالجوں، این جی اوز اور شعبہ ماحولیات کو ساتھ لے کر چلیں۔ ممبر ماحولیات نے کہا کہ ہم سب نے اس ملک کو خوبصورت بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ قربانیاں دینا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹوریس، میریٹ، سیرینا ہوٹل اور سیور فورڈ کی اس مہم میں سپانسر کے بے حد مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اسلام آبادکو دنیا کا خوبصورت ترین شہر بنائیں گے۔