خبرنامہ پاکستان

سی ڈی اے نے5 نئے کورسزکا شیڈول جاری کردیا

سی ڈی اے نے5 نئے کورسزکا شیڈول جاری کردیا
اسلام آباد؛(ملت آن لائن) وفاقی ترقیاتی ادارہ ( سی ڈی اے) کی ٹریننگ اکیڈمی نے آئندہ دو ماہ کے لئے مختلف کورسز کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ثناء اللہ امان نے اے پی پی کو بتایاکہ ٹریننگ اکیڈمی نے سی ڈی اے اور مختلف اداروں کے ملازمین اور طلباء کے استعداد کار کوبڑھانے کے لئے مختلف موضوعات پر تقریباً 38 کورسز کروا چکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اکیڈمی نے دسمبر اور جنوری 2018ء کے لئے 5 نئے کورسز کاشیڈول جاری کردیا ہے، جاری شدہ شیڈول کے مطابق منیجر انجینئر کے موضوع پر کورس میں مختلف اداروں کے طلباء اور سی ڈی اے کے حکام شرکت کریں گے۔ پراجیکٹ مینجمنٹ کے موضوع پر کورس میں سی ڈی اے اور وفاقی اداروں کے ملازمین شرکت کریں گے۔ اسی طرح نیب کے تعاون سے بدعنوانی کے خاتمے کے موضوع پر خصوصی کورس میں سی ڈی اے ملازمین اور نیب کے حکام شرکت کریں گے جس میں کرپشن کے خاتمے کے موضوع پر لیکچر بھی دیاجائے گا۔ چینی زبان کے موضوع پر کورس میں نوجوان سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے افسران شرکت کریں گے۔ سٹریٹیجک مینجمنٹ کورس میں بھی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء، سی ڈی اے ملازمین اور وفاقی اداروں کے ملازمین شرکت کریں گے۔ اسی طرح آخری کورس فائر بائی لاز اینڈ رسک مینجمنٹ کورس میں سی ڈی اے ملازمین کو نئے قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا اس کورس میں سی ڈی اے ایم سی آئی اور نوجوان شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اکیڈمی نے مقامی کورسز کے علاوہ انٹرنیشنل کورسز بھی کراچکے ہیں۔ آئندہ بھی انٹرنیشنل کورس کے انعقاد پر غور کررہے ہیں تاکہ یہاں کے ملازمین کو بین الاقوامی سطح کی تربیت دی جاسکے۔