خبرنامہ پاکستان

شاعرمشرق علامہ محمد اقبال ؒ کےصاحبزادےڈاکٹرجاویداقبال کی تیسری برسی آج منائی جائےگی

فیصل آباد۔(ملت آن لائن) شاعر مشرق ،مفکر و مصور پاکستان ڈاکٹرعلامہ محمد اقبالؒ کے صاحبزادے اور سپریم کورٹ کے سابق سینئر جج ڈاکٹر جاوید اقبال مرحوم جو 3اکتوبر 2015ء کو 91 برس کی عمر میں شوکت خانم کینسرمیموریل ہسپتال و ریسرچ سنٹر لاہور میں سرطان کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باعث انتقال پا گئے تھے کی تیسری برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ۔اس موقع پر مرحوم و مغفور کی روح کو ایصال ثواب کیلئے قرآن اور فاتحہ خوانیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔مرحوم کی برسی کے موقع پر مسلم لیگ ، نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز ، کانفرنسز اور دیگر تعزیتی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی جن میں ڈاکٹر جاوید اقبال مرحوم کی شاندار قومی ، ملکی و ملی خدمات کو سنہری حروف میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔برسی کے موقع پر مرحوم کی آخری آرام گاہ بیگم پورہ لاہور کے حضرت ایشاں کے مزار کے تاریخی قبرستان میں پھولوں کی چادریں چڑھائی اور فاتحہ بھی کی جائے گی ۔مرحوم کی برسی کے موقع پر ان کے پسماندگان میں شامل اہلیہ جسٹس (ر)ناصرہ اقبال اوربیٹوں ولید اقبال اور منیب اقبال کی جانب سے بھی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ برسی کے سلسلہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے مرحوم کی شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کی وفات ملک و قوم کیلئے ایک عظیم نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدل وانصاف کے فروغ کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی جبکہ فلسفہ اور علم کے میدان میں بھی ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں