خبرنامہ پاکستان

شاہراؤں کے منصوبے ملک کی تقدیر بدل دیں گے: وزیراعظم

ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان ہکلہ موٹروے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراؤں کے منصوبے ملک کی تقدیر بدل دیں گے، موٹروے منصوبہ ڈیرہ اسماعیل سے ژوب جائے گا،دل چاہتاہے کہ ڈی آئی خان کیلئے بہت کچھ کر کے جاؤں، مولانا نے ہمیشہ مسائل کی بات کی،ڈی آئی خان میں زبانی اعلان نہیں بلکہ عملی اقدام کا مظاہرہ کرنے آیا ہوں، وفاق منصوبوں کیلئے 65فیصد جبکہ صوبائی حکومت 35فیصد دے گی،خیبرپختونخوا کو نیا نہ بنانے والے پاکستان کو کیسے نیا پاکستان بنا سکتے ہیں، دو سال بعد کے پی کے بھی ان کے پاس نہیں ہو گا۔وہ منگل کو یہاں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑااور وفاقی وزیر اکرم خان درانی و دیگر وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔عوام نے وزیراعظم نواز شریف کا پرجوش نعروں سے استقبال کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان ہکلہ موٹروے کا سنگ بنیاد رکھا اور ڈیرہ اسماعیل خان میں زرعی یونیورسٹی کے قیام ، ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے 50کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز،ڈی آئی خان کی تحصیلوں میں گیس فراہمی کیلئے 77کروڑ 9لاکھ روپے ،چشمہ رائٹ بینک کینال کیلئے 120 ارب روپے ،ٹانک زام ڈیم کی فزیبلٹی کیلئے 8 کروڑ روپے اور سیلاب سے بچاؤ کے حفاظتی بند کی تعمیر کیلئے فزیبلٹی سٹڈی کرنے کا بھی اعلان کیا ۔وزیراعظم نواز شریف نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان آنے کی دعوت دینے پر مولانا فضل الرحمان کا مشکور ہوں اور مجھے ڈیرہ اسماعیل خان آنے کا بہت اشتیاق تھا، دل چاہتاہے کہ ڈی آئی خان کیلئے بہت کچھ کر کے جاؤں، مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ مجھ سے ڈی آئی خان کے مسائل کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں زبانی اعلان نہیں بلکہ عملی اقدام کا مظاہرہ کرنے آیا ہوں، گیس فراہمی منصوبے کا آج سے آغاز ہو رہا ہے، مخالفین کے نصیب میں صرف دھرنے ہیں، وہ دھرنے دیتے رہیں اور ہم دھرنوں کے جواب میں ترقی کا عمل جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی بہت سالوں بعد آج سنی گئی ہے، ڈیرہ اسماعیل خان ہکلہ موٹروے بڑا منصوبہ ہے، موٹروے منصوبہ ڈیرہ اسماعیل سے ژوب جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراؤں کے منصوبے ملک کی تقدیر بدل دیں گے، ڈیرہ اسماعیل خان کے لوگ بتائیں کہ ان کے قریب کہیں نیا پاکستان بن رہا ہے، مخالفین کو بنوں میں سوالوں کا جواب نفی میں ملا اور خیبرپختونخوا کو نیا نہ بنانے والے پاکستان کو کیسے نیا پاکستان بنا سکتے ہیں، دو سال بعد کے پی کے بھی ان کے پاسنہیں ہو گا، تحریک انصاف پشاور میں ضمنی انتخابات بھی ہار گئی ہے،پشاور کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کو بری طرح شکست ہوئی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا آپ کے ہاتھ سے جا رہا ہے، 2018 میں آپ کہیں نظر نہیں آئیں گے، مسلم لیگ(ي) نے لاہور،ملتان اور پنڈی میں میٹرو بس بنا دی لیکن تبدیلی کا نعرہ لگانے والے ایک بھی میٹرو بس نہیں بنا سکے، ساتھ دینے پر مولانا فضل الرحمان کا شکر گزار ہوں، فتح ہماری ہو گی اور انشاء اللہ ہم سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان ایئرپورٹ (اے ٹی آر) پروازوں کا اجراء کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے سے مزید 3لاکھ ایکڑ رقبہ سیراب ہو گا، وفاق منصوبوں کیلئے 65فیصد جبکہ صوبائی حکومت 35فیصد دے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علماء اسلام مل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 2018 تک بجلی کی قلت پر قابو پالیں گے اور 2018 میں ملک سے لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی اور بجلی سستی ہو گی، سڑکیں بن رہی ہیں، گیس آ رہی ہے اور بجلی بھی آئے گی۔ وزیراعظم نے مضافاتی علاقوں کو گیس کی فراہمی کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ گیس کی فراہمی پر 77 کروڑ 9 لاکھ روپے لاگت آئے گی اور منصوبے سے پونے دو لاکھ افراد گیس کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔(اح)