خبرنامہ پاکستان

شاہ محمود کو اسپیکر قومی اسمبلی اور عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کو اسپیکر قومی اسمبلی اورعمران اسماعیل کو گورنرسندھ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسپیکرقومی اسمبلی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ شاہ محمود قریشی اسپیکر قومی اسمبلی کا منصب نہیں سنبھالنا چاہتے ہیں لیکن عمران خان نے انہیں اس منصب پر بٹھانے کا فیصلہ کیا جس کے لیے انہیں راضی بھی کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اسمبلی میں ایک مضبوط اپوزیشن کو سنبھالنے کے لیے کسی نئے آدمی کا چانس لینا نہیں چاہتے، وہ اس عہدے کے لیے اسمبلی کا بڑا تجربہ رکھنے والے شخص کا انتخاب چاہتے ہیں اور اسی بناء پر شاہ محمود قریشی کو اس منصب کے لیے موزوں سمجھا جارہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے لیے زرتاج گل اورشہریارآفریدی کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ لگانے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے اوردونوں اعلان آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کردیئے جائیں گے۔