خبرنامہ پاکستان

شدید گرمی سےسنٹرل جیل لاڑکانہ میں ایک قیدی جاں بحق

لاڑکانہ: (اے پی پی) شدید گرمی کے باعث سنٹرل جیل لاڑکانہ میں ایک قیدی جاں بحق اور 5 بے ہوش ہوگئے ، متاثرہ قیدیوں کو جیل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ سیپکو انتظامیہ کی جانب سے دو کروڑ 75 لاکھ روپے کی بقایا جات کے بعد سینٹرل جیل کی بجلی چار روز قبل کاٹی گئی جس کے بعد جیل انتظامیہ اور سیپکو حکام میں بجلی کی بحالی کے لیے مذاکرات جاری تھے تاہم عدم ادائیگی کے باعث بجلی بحال نہ ہوسکی ۔ سینٹرل جیل لاڑکانہ میں 6 قیدی شدید گرمی کے باعث بیہوش ہوگئے جن میں سے پانچ کو جیل کے ہسپتال میں داخل کر دیا گیا جبکہ ایک قیدی 55 سالہ یوسف سومرو کو چانڈکا ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا وہ راستے میں ہی دم توڑگیا ۔ جیل انتظامیہ کے مطابق یوسف سومرو قتل کے مقدمے میں سزا یافتہ تھا ۔ جیل ذرائع کے مطابق جہاں بجلی منقطع ہونے سے شدید گرمی میں اضافہ ہوا ہے وہیں سینٹرل جیل میں 650 قیدیوں کی گنجائش ہے لیکن 951 قیدی وہاں قید ہیں ۔