خبرنامہ پاکستان

شربت گلہ کوجعلی شناختی کارڈ بناکر دینےکا ملزم گرفتار

افغان مونا لیزا:(ملت+اے پی پی) افغان مونا لیزا شربت گلہ کیس میں پیشرفت ہوگئی ہے، ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے نادرا کے روپوش افسر کو گرفتار کرلیا۔ عدالت نے ملزم کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کا حکم دیتے ہوئے اسے ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ایف آئی اے نے گزشتہ شب پشاور صدر میں چھاپا مارا ،جس کے دوران افغان مونا لیزا شربت گلہ کے لیے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے ملزم نادرا کے افسر عماد خان کو گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے نے آج ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کیا ،عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عماد کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی کے حوالے کردیا۔ افغان خاتون شربت گلہ کا پاکستانی شناختی کارڈ بنانے میں نادرا کے 3 اہلکار ملوث تھے، جن میں سے2 نے عدالت سے پہلے ہی ضمانت کرا رکھی ہے۔تاہم ملزم عماد گزشتہ کئَی ہفتوں سے روپوش تھا، جس کو پشاور سے گرفتار کیاگیا۔ افغان خاتون شربت گلہ کو چند روز قبل 15 روز کی سزا پوری ہونے پر طور خم کے راستے افغانستان بھیجا گیا ہے ۔