خبرنامہ پاکستان

شرجیل میمن مفرور ہےتوجائداد ضبط کیوں نہیں کی گئی؟سپریم کورٹ

سپریم کورٹ:(اے پی پی) سپریم کورٹ سندھ میں سرکاری اشتہارات میں کرپشن کے مقدمے کی سماعت کے دوران نیب پربرہم ہوگئی، جسٹس طارق مسعود نے ریماکس دیے کہ اگر شرجیل میمن مفرور ہے تو اس کے خلاف کارروائی کرکے اس کی جائداد ضبط کیوں نہیں کی گئی۔ سندھ میں سرکاری اشتہارات میں کرپشن کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔سپریم کورٹ نے مشہور اشتہاری کمپنی کے مالک انعام اکبر کو 2 ہفتوں کے لئے ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی، جسٹس طارق مسعود نے نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سے استفسار کیا کہ شرجیل میمن کا نام ای سی ایل پر ڈالا ہے یا نہیں؟ پراسیکیوٹر نیب بولے شرجیل میمن مفرور ہیں، نام ای سی ایل میں ڈالنے سے پہلے ہی ملک سے چلے گئے۔جسٹس طارق مسعود نے ریمارکس دیے کہ اگر شرجیل میمن مفرور ہے تو اس کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی، جائیداد ضبط کیوں نہیں کی۔ چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 8 سے لے کر 20 لاکھ روپے لوٹنے والے جیلوں میں ہیں، نیب اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کو گرفتار کیوں نہیں کرتا، ریفرنس دائر کیوں نہیں کیے جاتے، عدالت نے کیس کی سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔