خبرنامہ پاکستان

شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت آج ہوگی

شریف خاندان کیخلاف

شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت آج ہوگی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کی سماعت کریں گے جب کہ عدالت نے استغاثہ کے 4 گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف آج 19ویں مرتبہ عدالت میں پیش ہوں گے جب کہ ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان نے حاضری سے استثنا کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز برطانیہ میں زیر علاج ہیں، ان کی طبیعت شدید خراب ہے اور کچھ میڈیکل ٹیسٹ ہونے ہیں جب کہ ڈاکٹرز نے تجویز کیا ہے کہ اس موقع پر مریضہ کے شوہر کا ان کے ساتھ ہونا بہتر ہے۔ ملزمان کی جانب سے درخواست 19 فروری سے دو ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنا کے لئے دائر کی گئی ہے اور عدالت نے اس پر بحث کے لیے نیب کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
نیب نے نواز شریف کیخلاف مزید 2 ضمنی ریفرنسز دائر کردیے
خیال رہے کہ نیب نے گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مزید 2 ضمنی ریفرنسز دائر کیے، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز سے متعلق ضمنی ریفرنسزمیں 8،8 نئے گواہ شامل کیے ہیں اور دونوں ریفرنسز میں نواز شریف سمیت ان کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز بھی ملزم نامزد ہیں۔ اس سے قبل نیب نے 22 جنوری کو نواز شریف سمیت ان کے خاندان کے 5 افراد کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز کے سلسلے میں ایک ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا۔
کیس کا پس منظر
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔ نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا۔ دوسری جانب العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔