خبرنامہ پاکستان

شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز کی سماعت کرنیوالے جج کی ملازمت میں 3 سال کی توسیع

شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز

شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز کی سماعت کرنیوالے جج کی ملازمت میں 3 سال کی توسیع

اسلام آباد:(ملت آن لائن) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کردی گئی، فاضل جج شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کی منظوری دے دی جس کے بعد وزارت قانون کی جانب سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ فاضل جج اب احتساب عدالت میں 12 مارچ 2021 تک فرائض انجام دیں گے، اس سے قبل وہ گزشتہ 6 سال سے اسی عدالت میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سیکرٹری قانون کی سپریم کورٹ کو جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کی یقین دہانی
یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں اور ان کی مدت ملازمت 12 مارچ کو ختم ہورہی تھی۔ چیف جسٹس نے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا نوٹس لیا تھا اور گزشتہ روز سماعت کے دوران سیکرٹری قانون نے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ فاضل جج کی مدت ملازمت میں توسیع کردی جائے گی۔
شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کے ٹرائل میں 2 ماہ کی توسیع
پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں جج محمد بشیر کو 6 ماہ کے اندر شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنا تھا اور اس کی ڈیڈ لائن بھی 13 مارچ ہی ہے تاہم فاضل جج نے سپریم کورٹ سے مزید وقت طلب کیا تھا۔ اعلیٰ عدالت نے احتساب عدالت کے جج کو شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنس کے لئے مزید 2 ماہ اور اسحاق ڈار کے خلاف تین ماہ کا وقت دیا۔