خبرنامہ پاکستان

شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز، نوازشریف کی 13 ویں پیشی

شریف خاندان کیخلاف نیب

شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز، نوازشریف کی 13 ویں پیشی

اسلام آباد: (ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ ناصر جنجوعہ نے بیان قلمبند کرا دیا۔ وکیل صفائی خواجہ حارث نے گواہ پر جرح کرتے ہوئے پوچھا کہ اگست 2017 میں آپ کیا کام کر رہے تھے؟ جس پر گواہ نے بتایا کہ 2017 میں ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب راولپنڈی تھا۔ خواجہ حارث نے پوچھا کہ کیا آپ فلیگ شپ انکوائری میں شامل تھے؟، گواہ نے بتایا کہ فلیگ شپ انکوائری میں شامل تھا، 21 اگست 2017 کو شہباز حیدر نے چودھری شوگر ملز سے متعلق ریکارڈ فراہم کیا، تفتیشی افسر نے بھی فلیگ شپ ریفرنس میں میرا بیان ریکارڈ کیا، یہ ساری کارروائی 21 اگست 2017 کو ہوئی۔ خواجہ حارث نے گواہ سے استفسار کیا کہ کیا اس کے علاوہ بھی کوئی کارروائی ہوئی؟ جس پر گواہ نے بتایا کہ میرے سامنے کوئی اور کارروائی ہوئی نہ بیان ریکارڈ ہوا۔مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بھی احتساب عدالت میں پیش ہوئے،گواہ ناصر جنجوعہ کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر بھی ہمراہ تھے۔ مصدق ملک، پرویز رشید، طلال چودھری، وزیر مملکت مریم اور نگزیب، سائرہ افضل تارڑ اور امیرمقام بھی جوڈیشل کمپلیکس میں موجود رہے۔ سابق وزیر اعظم کے خلاف اب تک فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی 20، ایون فیلڈ پراپرٹیز کی 19 جبکہ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی 23 سماعتیں ہو چکی ہیں۔ نواز شریف 12، مریم نواز 14 جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر 15 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ہیں۔