خبرنامہ پاکستان

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی

شریف خاندان کے خلاف

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت آج ہوگی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔ ریفرنسز میں نامزد ملزمان سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی معیم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر احتساب عدالت پہنچ گئے ہیں۔
ایون فیلڈ ریفرنس: نیب کی اضافی دستاویزات ریکارڈ پر لانے کی درخواست منظور
احتساب عدالت نے گزشتہ سماعت پر شریف خاندان کے خلاف اضافی دستاویزات عدالتی ریکارڈ پر لانے اور ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ کو گواہ بنانے کی نیب کی درخواست منظور کی تھی۔ عدالت نے ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ کو بطور گواہ آج طلب کر رکھا ہے جب کہ جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں بیان قلمبند کرائیں گے ۔
نیب ریفرنسز کا پس منظر
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔ نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا۔ دوسری جانب العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے ان تینوں ریفرنسز کے ضمنی ریفرنسز بھی احتساب عدالت میں دائر کیے جاچکے ہیں۔