خبرنامہ پاکستان

ششتر گام ڈورو میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش

ششتر گام ڈورو

ششتر گام ڈورو میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش

سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں میرواعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے کولگام کے علاقے ششتر گام ڈورو میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے دو نوجوانوکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالات کااظہارسرینگر میں حریت فورم کے اجلاس میں کیاگیاجس میں فورم کی ایگزیکٹو کونسل کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ششتر گام ڈورومیں شہید ہونیوالے دونوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاگیا کہ کشمیری عوام حق و انصاف سے عبارت جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے گے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور عالمی سطح پررونما ہونیوالی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا اور بھارت اور پاکستان پر زور دیا گیا کہ وہ جنوبی ایشیاء کے کروڑوں عوام کے محفوظ مستقبل کیلئے مسئلہ کشمیر کا پر امن اور دیرپا حل تلاش کرنے کیلئے مثبت کوششوں کا آغاز کریں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی اور محاذ آرائی کی بڑی وجہ حل طلب مسئلہ کشمیر ہے لہٰذا اس دیرینہ تنازعہ کے پائیدار حل کے ذریعے ہی خطے میں پائیدار امن اور استحکام قائم ہو سکتا ہے ۔اجلاس میں جنوبی کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کاروائیوں کے نام پر نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد، گرفتاریوں اور قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاگیا کہ پورے علاقے کو بھارتی فورسز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو خود کو حاصل غیر معمولی اختیارات کا بے دردی سے استعمال کرکے لوگوں کو بدتری ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں جو کہ ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ اجلاس میں کٹھ پتلی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ عوامی نمائندگی کا دعویدار اپنے حقیر مفادات کی خاطر کشمیری عوام کو تختہ مشق بنا رہے ہیں اور اس ضمن میں ہر غیر جمہوری اور غیر اخلاقی ہتھکنڈہ استعمال کیاجارہا ہے۔ ادھر حریت رہنماؤں بلال احمد صدیقی ، شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر ،محمد احسن اونتو ،امتیاز احمد ریشی اورغلام نبی وار نے اپنے بیانات میں ڈورو شاہ آباد میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہیدہونیوالے دو نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کشمیر میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نہتے کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینتونیو گوترس سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میں بڑے پیمانے پرجاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سخت نوٹس لیں ۔