خبرنامہ پاکستان

شعیب اخترکوقومی ٹیم کی بیٹنگ پرتشویش ہونے لگی

کراچی: (ملت آن لائن) شعیب اختر کو قومی ٹیم کی بیٹنگ پر تشویش ہونے لگی، ان کے مطابق مستقبل میں گرین شرٹس کو اس شعبے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سابق پیسر کا کہنا ہے کہ ٹیم کی تشکیل کیلیے سرفراز احمدکو اپنی بیٹنگ کی قربانی سے گریز کرنا چاہیے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،شعیب اختر نے کہاکہ سرفراز اچھی قیادت کررہے ہیں لیکن ٹیم کی تشکیل کیلیے ان کو اپنی بیٹنگ کی قربانی سے گریز کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کو آگے جاکر بیٹنگ میں مسائل کا سامنا کرنا پڑیگا، انھوں نے کہا کہ مختصر فارمیٹ کے ذریعے جلد شہرت حاصل کرنے کے چکر میں ٹیسٹ کرکٹ کو نقصان ہورہاہے، کمرشلائزیشن کے عمل سے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر فرق پڑنے لگا، ٹیسٹ ہی بنیادی کرکٹ ہے، انھوں نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کا انعقاد بہترین کامیابی ہے۔ اس لیگ نے قومی کرکٹ پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی، پی ایس ایل سے کر کٹرز کو آمدنی کے مناسب مواقع ملنے کے ساتھ ملک کا نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آیا۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف سیریز سود مند رہی۔ پاکستان نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ ٹیسٹ میچز میں بعض غلطیاں ناکامی کا سبب بنیں، وکٹ کی مناسبت سے میچ میں صرف ایک اسپنر کھلانا غلطی تھی، سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہاکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز خوش آئند ہے، کراچی میں پی ایس ایل تھری کے میچز کا انعقاد اہمیت کا حامل ہوگا لیکن ان مقابلوں کیلیے نیشنل اسٹیڈیم کی مقررہ مدت 90 دن میں تعمیر نو کا مکمل ہونا یا نہ ہونا انتظامی معاملہ ہے۔