اسلام آباد ۔(اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت کی مراعات پر مبنی شفاف پالیسیوں کی بدولت بین الاقوامی کاروباری برادری کا پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کویہاں ’’ومپل کام‘‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جین یوز چارلیئر سے ایوان وزیراعظم میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی واضح پالیسیوں سے بالخصوص ٹیلی کام کے شعبے میں انقلاب برپا ہوا ہے اور حالیہ برسوں میں تھری جی اور فور جی کا کامیاب آغاز اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے دور افتادہ علاقوں میں ٹیلی کام کمپنیوں کو ان کی وسیع تر رسائی کیلئے حوصلہ افزائی کر رہے ہیں تاکہ عوام کی اکثریت ٹیکنالوجی سے مستفید ہو۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کام کے شعبہ کیلئے مثالی ماحول پیش کرتا ہے، ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کھلی اور شفاف کاروباری پالیسیوں پر یقین رکھتی ہے تاکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کیلئے مزید راغب کیا جا سکے۔ جین چارلیئر نے پاکستان کی ٹیلی کام کی صنعت کو فعال اور مواقع کی حامل قرار دیتے ہوئے موجودہ حکومت کی کاروباری دوست پالیسیوں کی تعریف کی۔ سی ای او ومپل کام نے کہا کہ پاکستان میں فون کا استعمال خطے میں سب سے زیادہ ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان کو ایک پرکشش ملک بناتا ہے۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔