خبرنامہ پاکستان

شمسی توانائی، دیگر شعبوں میں تعاون، چینی کمپنیوں اور پاکستان میں2 ارب ڈالر کے معاہدے

بیجنگ:(آئی این پی)چینی صوبے سنکیانگ کی چینی کمپنیوں نے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ دو ارب ڈالر کے معاہدوں کو حتمی شکل دے دی۔ نئے سمجھوتوں کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ چینی میڈیاکے مطابق سنکیانگ کے سربراہ ژانگ چن شیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دورۂ پاکستان کے دوران سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ شمسی توانائی کے علاوہ کئی دیگر اہم شعبوں میں بھی تعاون پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔ سنکیانگ میں کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ ژانگ چن شیان نے دورہ پاکستان کے دوران مقامی سول اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ اپنے چار روزہ دورہ پاکستان کے دوران کراچی، اسلام آباد اور گوادر گئے۔ ژانگ چن شیان نے بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ پاکستان کی فوجی قیادت سے بھی ملے لیکن اس حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ لے ژانگ چن شیان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان نہ صرف برادرانہ تعلقات ہیں بلکہ یہ اچھے اقتصادی پارٹنر بھی ہیں۔ اس دورے کے دوران مجھے احساس ہوا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کس قدر اچھے ہیں۔ پاکستان اور چین نے گزشتہ برس توانائی اور انفراسٹرکچر کے سمجھوتوں کو حتمی شکل دی تھی۔ چھیالیس بلین یورو کے ان معاہدوں کو پاکستان چین اقتصادی راہداری کے نام سے جانا جاتا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے ان منصوبوں کے عوض اسلام آباد حکومت چین کو گوادر میں فری ٹریڈ زون مہیا کرے گی جس کی وجہ سے چین کی بحیرہ عرب تک رسائی ممکن ہو جائے گی۔ بی بی سی کے مطابق سنکیانگ کی کمپنیوں نے پاکستان کے ساتھ 2 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کئے ہیں۔ یاد رہے چین اور پاکستان کے درمیان گذشتہ سال 46 ارب ڈالر مالیت کا چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ طے پایا تھا جس کے تحت چین پاکستان میں گوادر سے لے کر چین تک راہداری بنا رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات کی اور گوادر کا دورہ کیا۔ سنکیانگ کے روزنامے کے مطابق کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری کے علاقوں میں ماحول سازگار اور دوستانہ ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت سنکیانگ کی چینی کمپنیاں دو ارب ڈالر کی مالیت سے انفراسٹرکچر کے منصوبے، شمسی توانائی سمیت دیگر منصوبوں پر کام کریں گی۔