خبرنامہ پاکستان

شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق

اسلام آباد: (آئی این پی) وزیر داخلہ چودھری نثار نے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ نادرا نے شناختی کارڈز تصدیقی مہم کے حوالے سے رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ مہم کے آغاز سے اب تک چار لاکھ افراد ایس ایم ایس کے ذریعے اپنی تفصیلات چیک کر چکے ہیں۔ نادرا کو تیرہ ہزار خاندانوں میں جعلی افراد کے شامل ہونے کی شکایت موصول ہوئیں جن میں سے ایک تہائی افراد غیرقانونی باشندے ثابت ہو گئے جن کے نام ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ شناختی کارڈز کی تصدیق ایک مشکل کام ہے مگر ملکی سلامتی کیلئے یہ بے حد ضروری ہے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ کے لئے تین سیسنا طیارے حاصل کرنے کی بھی منظوری دی۔ یہ طیارے انسداد منشیات اور انسداد دہشتگردی کے لئے استعمال ہوں گے۔ چودھری نثار نے وزارت داخلہ ایئرونگ کو دسمبر دو ہزار سترہ تک ہیلی کاپٹر فلیٹ مضبوط بنانے کے لئے بھی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایئرونگ کو مزید مضبوط بنانا وقت کا تقاضا ہے۔