خبرنامہ پاکستان

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس،وزیر اعظم آج قازقستان جائیں گے

اسلام آباد(ملت آن لائن) پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کارکن بننے کو تیارہے، تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر اعظم نواز شریف آج قازقستان روانہ ہوں گے۔ نواز شریف کل روسی صدر سے ملاقات بھی کریں گے۔شنگھائی تعاون تنظیم کا سالانہ اجلاس قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں آج شروع ہوگا۔ وزیر اعظم نواز شریف کل روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات بھی کریں گے۔وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر تجارت اور مشیر خارجہ بھی ہوں گے۔تنظیمی اجلاس میں پاکستان اور بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم کے باقاعدہ رکن بنانے کی منظوری دی جائے گی، اس کے بعد ارکان کی تعداد 8 ہو جائے گی ۔وزیر اعظم نواز شریف کی سائیڈ لائن ملاقاتوں کا شیڈول بھی طے پا گیا جس کے تحت وہ آج قازقستان اور ازبکستان کے سربراہان سے ملیں گے، 9 جون کو روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور منگولیا کے صدر سے ملاقات ہوگی۔شنگھائی تعاون تنظیم کے ذریعے خطے میں اقتصادی ترقی کے ساتھ دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملے گی۔پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بننے کا فائدہ یہ بھی ہے کہ سی پیک کا رابطہ نہ صرف وسط ایشیا بلکہ اس سے بھی آگے یورپ تک پیدا ہو سکتا ہے۔