خبرنامہ پاکستان

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی شنگھائی تعاون تنظیم کے سولہویں سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے آج دو روزہ دورے پر روس روانہ ہوں گے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سربراہ اجلاس سے اپنے خطاب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد کے لئے پاکستان کے عزم کا ذکر کریں گے۔ سربراہ اجلاس میں مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔ اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے حوالے سے ترقیاتی تعاون پر غور کیا جائے گا۔ رواں سال جون میں شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کو مکمل رکنیت حاصل ہونے کے بعد تنظیم کا یہ پہلا اجلاس ہے۔ پاکستان کی شمولیت کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم کے کل ارکان کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے، جن میں چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان، پاکستان اور بھارت شامل ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان سیاسی، سلامتی، تجارتی، اقتصادی اور معاشی شعبوں میں تعاون کا فروغ شامل ہے۔