خبرنامہ پاکستان

شوبز کے ستاروں نے ووٹ کاسٹ کردیے

شوبز کے ستاروں نے ووٹ کاسٹ کردیے

پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستاروں نے بھی اپنے اپنے ووٹ کاسٹ کردیے جبکہ ماہرہ خان کو افسوس ہے کہ وہ ووٹ کاسٹ کرنے پاکستان نہیں پہنچ سکیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان اس وقت کینڈا میں ہیں جہاں ایک نجی ٹی وی کی جانب سے ایوارڈز کی تقریب کے سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں۔

وہ کینڈا میں مصروفیت کے باعث پاکستان نہیں آسکیں اور اسی وجہ سے وہ ووٹ کاسٹ کرنے سے قاصر ہیں جس کا ماہرہ کو نہایت افسوس ہے۔

ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر پوسٹ جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ شدت سے پاکستان آنا چاہتی تھیں لیکن بد قسمتی سے وہ یہاں آ نہیں سکیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ وہ ایک ماہ قبل ہی کینڈا میں کام کرنے کے لیے حامی بھر چکی تھیں اس لیے ان کا جانا ضروری تھا جبکہ مصروفیت کے باعث وہ آنہیں سکیں۔

ماہرہ کو اس بات کا شدید افسوس ہے کہ وہ اس بار ووٹ نہیں دے سکیں گی۔ انہوں نے دعائیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ ’یہ سال پاکستان کے لیے تبدیلی لے کر آئے جس کا ہمیں انتظار ہے، انشاءاللہ، پاکستان زندہ باد۔‘

دوسری جانب معروف اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے اپنا کینڈا کا دورہ ملتوی کردیا، ان کا کہنا ہے کہ وہ الیکشن 2018 میں ووٹ دینے کے بعد کینڈا کے لیے روانہ ہوں گی جبکہ انہوں نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

ووٹ ڈالنے کے بعد ثمینہ پیرزادہ نے اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شئیر کی ہے۔

اس کے علاوہ ووٹ کاسٹ کرنے والوں میں اداکارہ ماورہ حسین اور اداکار و ٹی وی اینکر حمزہ علی عباسی نے بھی ووٹ ڈالے ہیں جس کے بعد انہوں نے اپنی تصویر ٹوئٹر پر جاری کی ہے۔

اداکارمعمررانا نےعمران خان کے انداز میں میڈیا سےگفتگو کی اور کہا کہ عوام گھروں سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں