خبرنامہ پاکستان

شہباز تاثیر کی چار سال 6 ماہ اور 12 دن بعدبحفاظت گھر واپسی‘اہل خانہ کا شاندار استقبال

لاہور(آئی این پی)مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر مرحوم کے بیٹے شہباز تاثیر کی4سال 6ماہ اور 12دن بعد گھر واپسی پر اہل خانہ کا شاندار استقبال ‘والدہ اور فیملی کے دیگر لوگ شہبا زتاثیر کا ماتھا چو متے رہے ‘مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ‘لاہور اےئر پورٹ سے بلاول بھٹو کی ذاتی بلٹ پر وف گاڑی میں گھر آئے جبکہ انکے گھر کے باہر سیکورٹی کے فول پر وف انتظامات کیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق چار سال 6 ماہ اور 12 دن بعد شہبا زتاثیر بحفاظت گھر واپس لوٹ آئے‘وہ اپنے والد کو 4 جنوری 2011 کو اسلام آباد میں قتل کے7 ماہ 22 دن بعد گلبرگ لاہور میں اپنے دفتر سے اغوا کرلئے گئے تھے۔آئی ایس پی آرکے مطابق شہباز تاثیر کو خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ سے لاہور روانہ کیا گیا جسکے بعد لاہور اےئر پورٹ پر انکی والدہ آمنہ تاثیر ‘اہلیہ ماہین غنی تاثیر سمیت فیملی کے دیگر افراد نے انکا استقبال کیا ہے ۔واضح رہے کہ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے کچلاک سے سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران بازیاب کروایا تھا۔یاد رہے کہ شہباز تاثیر کو تقریبا پانچ سال قبل اگست 2011 میں لاہور کے علاقے گلبرگ سے اغوا کیا گیا تھا۔اغوا کے دو سال بعد جولائی 2013 میں لاہور پولیس نے 4 افراد فرہاد بٹ، عثمان بسرہ، رحمت اللہ اور عبدالرحمن کو گرفتار کیا تھا جن پر شہباز تاثیر کے اغوا میں ملوث ہونے کا الزام تھا، لیکن ان افراد کی گرفتاری کے بعد بھی شہباز تاثیر کی بازیابی ممکن نہ ہو سکی تھی۔مارچ 2014 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات میں بھی شہباز تاثیر کی رہائی کے حوالے سے حکومت نے مطالبہ کیا تھا لیکن طالبان نے اس وقت ان کی رہائی سے انکار کر دیا تھا۔