خبرنامہ پاکستان

شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف اچھا کھیلتے ہیں،شیخ رشید

شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف اچھا کھیلتے ہیں،شیخ رشید

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف اچھا کھیلتے ہیں مگر اب ایسا نہیں ہو گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ دہری شہریت پر سپریم کورٹ نے اچھا نوٹس لیا، چار سینیٹرز دوہری شہریت والے نکلے۔ ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ چار مزید سینیٹرز دوہری شہریت رکھتے ہیں۔ سینیٹرز کا حلف لینے سے قبل پوچھ لیا جائے کہ وہ کسی اور ملک کی شہریت تو نہیں رکھتے، مستقبل میں اگر کوئی سینیٹر بھارتی شہری نکل آیا تو پھر کیا ہوگا۔
پاکستان اور نواز شریف اب اکٹھے نہیں چل سکتے
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسہ چلا، خیبر پختونخوا میں ایک ووٹ کے پانچ کروڑ روپے کی بولی لگی جب کہ بلوچستان کی پوری اسمبلی بک گئی، شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف سے کھیلتے ہیں اور انہیں اس طرح کے کھیل میں تجربہ بھی بہت ہے مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے الیکشن ایکٹ 2017 میں امیدواروں سےمتعلق معلومات کم طلب کرنے کے معاملے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران دو مرتبہ نوٹس جاری کرنے کے باوجود الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے کے پر شدید اظہار برہمی کیا۔ عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ 2 بار نوٹس کے باوجود الیکشن کمیشن نے آج بھی جواب داخل نہیں کرایا۔ شیخ رشید کے وکیل بیرسٹرسجیل نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت ہر ووٹر کو معلومات حاصل کرنے کا اختیار ہے، سینیٹ الیکشن کے لیے امیدوار کے کاغذات نامزدگی میں امیدوار سے کم معلومات طلب کی گئی ہے، اس لیے عدالت عالیہ کاغذات نامزدگی سے نکالی گئی چیزوں کو دوبارہ بحال کرنے کا عبوری حکم دے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ہائی کورٹ کا سپریم کورٹ سے موازنہ نہ کیا جائے، ہمارے پاس وہ اختیارات نہیں، آپ چاہتے ہیں عبوری حکم نامہ جاری کروں اورباقی 3 سال کے لیے چھوڑدوں،عدالت میں کیس کو سن کر جمعرات کےروز مناسب حکم جاری کرے گی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو تیسری مرتبہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 مارچ تک ملتوی کردی۔