خبرنامہ پاکستان

شہباز شریف کا پیرسیالوی سےرابطہ

شہباز شریف کا پیرسیالوی سےرابطہ
ساہیوال / سرگودھا:(ملت آن لائن) آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ محمد حمید الدین سیالوی نے صوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ کے استعفے کیلیے دی گئی ڈیڈلائن موخر کر دی۔
ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی، صاحبزادہ غلام نظام الدین سیالوی ایم پی اے نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خواجہ حمید الدین سیالوی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ رانا ثنا اللہ کے استعفے کی اپنی ڈیڈلائن میں چند یوم کی مہلت دیں، میں خود سیال شریف آکرآپ کے تحفظات دور کرنے کو تیار ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی یقین دہانی کے بعد باہمی مشاورت سے چند دنوں کی مہلت دی گئی ہے۔
جب ان سے ٹائم فریم کے بارے پوچھاگیا تو انھوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب بہت جلد سیال شریف خود آئیں گے اور سجادہ نشین سے ملاقات کرکے ان کے تحفظات دورکریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت پر ہم اپنے موقف پر قائم ہیں جس سے ہم پیچھے نہیں ہٹ سکتے البتہ اب یہ سیاسی پیروں اورمذہبی پیروں کے درمیان سرد جنگ شروع ہو چکی ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے مولانا رحمت اللہ، غلام بی بی بھروانہ ایم این اے، جاوید حسنین شاہ و دیگر مشائخ عظام کثیر تعداد میں موجود تھے۔