خبرنامہ پاکستان

شہری لٹ رہے ہیں اور ڈولفن کرکٹ کھیل رہی ہے

لاہور (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ شہری دن بھر لٹ رہے ہیں اور ڈولفن فورس کرکٹ کھیل رہی ہے ۔ یہ کیسی حکومت ہے جہاں کسی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے نظام موجود نہیں۔ ایسا تو کبھی نہیں ہوا کہ پولیس ملازمین اپنے فرائض چھوڑ کر گلی محلوں میں کرکٹ کھیلتے رہیں۔ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے بعد اب ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر عوام کو تشویش ہے ۔ لاہور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے ، گڈگورنس کا دعوی کرنے والے بتائیں کہ لاہوریوں کو دن دیہاڑے لوٹے جانے پر وہ خاموش کیوں ہیں ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ لاہور جیسے پر رونق شہر میں ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں اور حکومت خاموش ہے ۔ابھی تک کسی پولیس افسرکے خلاف کاروائی نہیں ہوئی ۔پولیس کو ان گنت فنڈز اور وسائل دینے کے باوجود جرائم کی شرح میں کمی نہیں آسکی۔ حکومت کہہ رہی ہے کہ لاہور بہت بڑا شہر ہے جس میں اس طرح کی وار داتیں معمول ہے ۔ حکومت پر پنجاب کے اس عجیب و غریب موقف پر حیران ہیں۔ یہ کیسی حکومت ہے جو ان وارداتوں پر پریشان ہونے کے بجائے اسے معمول قرار دے رہی ہے۔