خبرنامہ پاکستان

شہزادہ جاسم کی قیادت میں قطری وفد لاہور پہنچ گیا

شہزادہ جاسم کی قیادت میں قطری وفد لاہور پہنچ گیا
لاہور:(ملت آن لائن) شہزادہ حمد بن جاسم کی قیادت میں قطری وفد ایک بار پھر پاکستان پہنچ گیا ہے۔ شہزادہ حمد بن جاسم کی قیادت میں قطر کا 13 رکنی وفد خصوصی پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچا۔ وفد کو لاہور پہنچنے پر سرکاری پروٹوکول دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق قطری وفد ملک کی اہم شخصیت سے ملاقات کرے گا جن میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر اعلیٰ عہدے دار شامل ہیں۔ قطری وفد کی آمد کے نتیجے میں ملک میں جاری سیاسی انتشار اور پاناما لیکس سے متعلق جاری مقدمات کے حوالے سے اہم پیش رفت ممکن ہے۔ وفد تین سے چار روز تک پاکستان میں قیام کرے گا تاہم کچھ ارکان کل صبح واپس اپنے ملک روانہ ہوجائیں گے۔ وفد کے کچھ ارکان کو مال روڈ کے ہوٹل اور باقی کو نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا میں ٹہرایا جائے گا۔
قطری وفد کو 12 گاڑیوں میں انتہائی سخت سیکیورٹی میں لاہور ائرپورٹ کے حج ٹرمینل سے روانہ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ قطری وفد کے جمعے کو پاکستان آنے کی اطلاع تھی لیکن وہ دو روز پہلے ہی پہنچ گیا۔ اس سے قبل 3 دسمبر 2016 کو بھی شہزادہ جاسم سمیت شاہی خاندان کے 12 افراد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس میں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی طرف سے جو دستاویزات جمع کروائی گئی تھیں ان میں لندن فلیٹس کے بارے میں قطری شہزادے کا خط بھی شامل تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کے والد میاں شریف نے 1980 میں قطر میں ایک کروڑ بیس لاکھ قطری ریال کی سرمایہ کاری کی تھی۔ شہزادہ جاسم کے ذمے میاں شریف کے 80 لاکھ امریکی ڈالر واجب الادا تھے جو 2005 میں نیلسن اور نیکسول کمپنیوں میں شیئر کی صورت میں ادا کیے گئے۔