خبرنامہ پاکستان

شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا:وزیراعظم کا قوم سے خطاب

  اسلام آباد: وزیراعظم محمد نواز شریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ میں آج ایسے موقع پر قوم سے مخاطب ہوں جب گلشن پارک سانحے کی وجہ سے دل زخمی ہے۔ سانحہ لاہور کے بعد پوری قوم دکھ میں مبتلا ہے۔ دہشتگرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ دہشتگرد اپنی ناکامی چھپانے کیلئے درسگاہوں اور عوامی مقامات تک آ پہنچے ہیں۔ دہشتگردوں نے معصوم انسانوں کو نشانہ بنایا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپنے شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ دہشتگردوں کو ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ تاہم انہوں نے اس افسوس کا اظہار کیا کہ 13 سال تک کسی نے اس فتنے کی آںکھوں میں آنکھیں ڈال کر نہیں دیکھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی دہشت گردی، فتنہ، بدامنی یا سازش ہمیں اپنی منزل کی پیش قدمی سے نہیں روک سکتی۔ ہم نے اندھیروں کو روشنیوں میں بدلنے، غربت، پسماندگی اور جہالت سے لڑنے کی قسم کھائی ہے۔ دہشت گرد مت بھولیں ان کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے پختہ ارادوں کو نہیں روک سکتی۔ کوئی دہشت گرد ہمارے عزم میں کوئی شگاف نہیں ڈال سکتا۔ پاکستان کے 20 کروڑ عوام کا بھی یہی عزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے پختہ عزم اور مسلح افواج کی جدوجہد سے دہشت گردی کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی۔ پاکستان کی سرزمین انسانیت کے دشمنوں کے لیے تنگ کر دی گئی ہے  وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام امن اور اخوت کا دین ہے۔ مذہب کے نام پر جلاؤ گھیراؤ اور بدامنی کسی صورت قبول نہیں ہے۔ حکومت نے صبروتحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ ہماری آئینی ذمہ داری ہے۔ حکومت کی نرمی کو ریاست کی کمزوری یا بے بسی نہ سمجھا جائے۔ ملک میں اشتعال اور فرقہ وارایت پھیلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے سانحہ لاہور کی وجہ سے اپنا دورہ امریکا منسوخ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جگہ معاون خصوصی طارق فاطمی اب امریکا کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے دورہ امریکا کے دوران جوہری سمٹ میں شرکت کرنا تھی۔ اس موقع پر ان کی اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے بھی ملاقات متوقع تھی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سانحہ لاہور کی وجہ سے اپنا دورہ امریکا منسوخ کیا۔ اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم خود سانحہ لاہور کی تحقیقات کی نگرانی کریں گے۔