خبرنامہ پاکستان

شہید ملت لیاقت علی خان کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

فیصل آباد۔16 اکتوبر(ملت +اے پی پی )پاکستان کے پہلے وزیر اعظم ، تحریک پاکستان کے سرگرم رہنما، شہید ملت نواب زادہ لیاقت علی خان جنہیں 16اکتوبر 1951ء کو کمپنی باغ (جسے بعد میں لیاقت باغ کا نام دیا گیا) راولپنڈی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیاتھا کی 65 ویں برسی اتوار کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی،اس موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے صوبائی دارالحکومت سمیت تمام ڈویژنل ، ضلعی ، تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر سیمینارز، مذاکروں ، کانفرنسز ، مباحثوں اور دیگر تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس سے مختلف سیاسی ،صحافتی ، عدالتی ،مذہبی ، دینی ، عوامی ، سماجی تنظیموں کے قائدین نے خطاب کیا اور تحریک پاکستان سمیت ملک و قوم کیلئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ برسی کے موقع پر تمام مساجد میں قرآن خوانی بھی کی گئی اور نواب زادہ لیاقت علی خان سمیت دیگر شہدائے پاکستان کی ارواح کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کا بھی انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا۔