خبرنامہ پاکستان

شیخ رشید پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کیلئے آج کلکتہ پہنچیں گے

اسلام آباد:(اے پی پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ دیکھنے کیلئے آج (جمعہ) کو لاہور سے بذریعہ نئی دہلی کلکتہ پہنچیں گے۔شیخ رشید احمد نے بھارت میں میچ دیکھنے کیلئے گذشتہ روزسارک ممالک کا ویزہ حاصل کیا تھا۔ جمعرات کو قومی خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے بتایا کہ آج (جمعہ) کی دوپہر ساڑھے بارہ بجے لاہور سے نئی دہلی اور نئی دہلی سے کلکتہ کے لیے روانہ ہو جاؤں گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتا یا کہ بھارتی حکام نے ابھی تک میری رہائش کے بارے میں حامی نہیں بھری اور کہا جارہا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات ہیں ۔انہوں نے بتا یا کہ میرا بھارت جانے کا مقصد پاکستانی ٹیم کی ہمت اور حوصلہ بڑھانا ہے۔