خبرنامہ پاکستان

پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شیخ رشید اور محمود خان اچکزئی کا جھگڑا

پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شیخ رشید اور محمود خان اچکزئی کا جھگڑا
اسلام آباد: (ملت آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں محمود خان اچکزئی سے جھگڑا ہونے کا دعویٰ کیا جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کسی بھی جھگڑے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ایک دوسرے کو بھائی کہہ کر بات کی گئی ہے۔بدھ کو پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میٹنگ مکمل ناکام ہوگئی ہے میرا اچکزئی صاحب سے جھگڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس 63 ارکان کم ہیں انہوں نے کہا کہ 228بندے چاہئیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی میں 188 ارکان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں ڈرا رہے ہیں محمود اچکزئی نے ڈرانے کا مشن اٹھایا ہوا ہے ہم پاکستان کے لئے جیئیں گے اور پاکستان کے لئے مریں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم وقت پر الیکشن چاہتے ہیں حکومت کے پاس اکثریت ہے تو وہ پوری کرکے دکھائے اگر حکومت قومی اسمبلی میں حکومت قرارد اد پاس نہیں کراسکتی تو اسے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔ دوسری جانب جب سپیکر قومی اسمبلی سے شیخ رشید کے جھگڑے کے بارے میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی یہاں سب ایک دوسرے کو بڑا بھائی کہہ کر بات کی گئی ہے۔ جبکہ اس موقع پر شیخ آفتاب نے بھی سپیکر کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔