خبرنامہ پاکستان

شیخ رشید کو پیشی کیلئے دوبارہ نوٹس

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) سپریم کورٹ نے لیگی رہنما شکیل اعوان کی جانب سے شیخ رشید احمد کیخلاف انتخابی عذرداری کیس میں عوامی لیگ کے سربراہ کو پیشی کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کر دیا ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے این اے 55 راولپنڈی سے شیخ رشید احمد کی کامیابی کیخلاف درخواست پر سماعت کی ۔ ن لیگ کے رہنما شکیل اعوان نے شیخ رشید کی کامیابی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے ۔ درخواست گزار نے شیخ رشید پر کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیا ہے ۔ دوران سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کورٹ ایسوسی ایٹ سے استفسار کیا کہ کیا فریق نمبر ایک شیخ رشید احمد کو نوٹس جاری ہوا جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ شیخ رشید احمد کو نوٹس جاری کیا گیا تھا تعمیل نہیں ہو سکی ، جس پر عدالت نے شیخ رشید احمد کو پیشی کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ۔