خبرنامہ پاکستان

شیخ رشید کی انتخابی ناشتہ مہم، ایک لاکھ ووٹوں کی برتری سے جیتنےکا دعویٰ

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نےعام انتخابات کیلئے مہم کا زوروشور سے آغازکردیا ہے۔ دونوں حلقوں سے ایک لاکھ ووٹوں کی برتری سے جیتنے کا دعویٰ کردیا۔

انتخابی مہم کے ناشتے جاری رکھتے ہوئے شیخ رشید اسکیم تھری ولایت کالونی پہنچے اور ووٹرز سے ملاقاتوں میں الیکشن میں تعاون کی اپیل کی۔ پنڈی بوائے نے چنے پائے اور نہاری پر بھی خوب ہاتھ صاف کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ راولپنڈی حلقہ این اے 60 اور 62 سے ایک لاکھ کی لیڈ سے جیتوں گا۔ اپنے انتخابی نشان کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کا بھی حوالہ دیتے ہوئے بولے کہ قلم دوات اور بَلا تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔

چوہدری نثارسے متعلق سوال پرکنی کتراتے ہوئے بولے کہ ن لیگ جانے اور چوہدری نثار جانیں، ہم نے اپنی انتخابی مہم پر توجہ مرکوزرکھنی ہے۔

شیخ رشید نے گزشتہ روز موٹرسائیکل پردونوں حلقوں میں انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا اپنے اِس انوکھے اقدام پر پُرمسرت نظرآنے والے شیخ رشید نے اکتوبر 2016 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میری جدوجہد عوام کیلئے سب کے سامنے ہے۔ آدھے پاکستان نے میری موٹر سائیکل والی ویڈیو دیکھی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آٗئی کی جانب سے 2 نومبر 2016 کو اسلام آبا بند کرنے کے اعلان کے بعد اتحادی شیخ رشید نے بھی لال حویلی کے باہرجلسہ کرنے کااعلان کیا تھا۔ پولیس کی جانب سے علاقہ سیل کرنے اور کنٹینر لگانے کے بعد شیخ رشید نے چیلنج کیا تھا کہ وہ کمیٹی چوک پہنچ کردکھائیں گے جہاں انہوں نے نجی چینل کی ڈی ایس این جی پر چڑھ کر مختصرخطاب کیا اورگرفتاری کے خوف موٹرسائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے تھے۔