خبرنامہ پاکستان

صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل؛ وزیراعظم

وزیراعظم شاہد

صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل؛ وزیراعظم

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ معاشرے بالخصوص غریب طبقات کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو ایوان وزیر اعظم میں کنٹونمنٹ ہسپتال راولپنڈی کی تشکیل نو کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر ، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، سیکرٹری خزانہ اور سینئر افسران شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس نے وزیراعظم کو کنٹونمنٹ ہسپتال میں رہائشیوں اور غیر رہائشیوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بالخصوص غریب افراد کو صحت کی بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے ہسپتال کی تزئین اور اسے جدید ترین طبی ساز و سامان سے آراستہ کرنے کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کو بتایاگیاکہ اپ گریڈیشن منصوبوں میں موجودہ 500 بستروں کی سہولت کو مکمل طورپر فعال کرنے کے علاوہ ایک میڈیکل کالج کے قیام کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ شہریوں خاص طور پر غریب طبقوں کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے صحت کی مناسب سہولیات کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت انسانیت کی زیادہ مستعد انداز میں خدمت کے لئے ہسپتال کو ہرممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔
……..
عام انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں کا باقاعدہ آغاز

اسلام آباد:(ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی حلقہ بندیوں کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا، صوبوں اور محکمہ مردم شماری سے متعلقہ ڈیٹا کا حصول شروع کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے صوبوں اور محکمہ مردم شماری سے اضلاع اور تحصیلوں کے نقشوں، شماریاتی چارجز، سرکلز اور بلاکس کے نوٹیفیکیشن کا حصول شروع کر دیا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشنز، ٹاون کمیٹیوں، میونسپل کمیٹیوں کے شماریاتی چارجز، سرکلز اور بلاکس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ تمام اضلاع اور تحصیلوں کے سرکلز اور بلاکس کی سطح کا ڈیٹا سافٹ کاپی میں بھی مانگا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے محکمہ مردم شماری کو شماریات بلاکس میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ڈیٹا 5 جنوری تک فراہم کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ 10 جنوری تک حلقہ بندیوں سے متعلق دستاویزات کے حصول کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ 15 جنوری سے 28 فروری تک حلقہ بندیوں کی ٹرافٹ پرپوزل تیار کر کے الیکشن کمیشن کو دی جائے گی، 5 مارچ سے 3 اپریل تک ٹرافٹ پرپوزل پر اعتراضات وصول کیئے جائیں گے جبکہ 4 اپریل سے 3 مئی تک اعتراضات کو نمٹایا جائے گا۔