خبرنامہ پاکستان

صحت پر سمجھوتا نہیں ہوگا جس نے ہڑتال کرنی ہے کرلے، چیف جسٹس

صحت پر سمجھوتا نہیں ہوگا

صحت پر سمجھوتا نہیں ہوگا جس نے ہڑتال کرنی ہے کرلے، چیف جسٹس

اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہےکہ صحت کے معاملے میں سمجھوتا نہیں ہوگا لہٰذا جس نے ہڑتال کرنی ہے کرلے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کٹاس راج از خود نوٹس کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے ہندو برادری کے مسائل پر رمیش کمار سے تحریری نکات طلب کرلیے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبے چل رہے ہیں، ملک کو آنے والے دنوں میں سیمنٹ کی ضرورت ہوگی اس لیے فیکٹریاں بند کرکے سیمنٹ سیکٹر میں چینی جیسی صورتحال پیدا نہیں کرنا چاہتے۔
چیف جسٹس کا سیمنٹ فیکٹری کو کٹاس راج مندر کا تالاب پانی سے بھرنے کا حکم
اس دوران عدالت عظمیٰ نے چکوال کی 4 سیمنٹ فیکٹریوں کو نوٹس جاری کر کردیئے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ الزام لگ رہا ہے کہ عوامی مفاد کے مقدمات میں عام مقدمات کوبھول گئے، عام مقدمات بھولنے کے الزام کو لینے کے لیے تیار نہیں جب کہ یہ الزام لینے کے لیے بھی تیار نہیں کہ عوامی مفاد کے چکرمیں عدالتی کام متاثر رہا۔ جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ اتوار کو عدالت لگانے پر کراچی میں میری بہت مخالفت ہوئی، عدالتی کام کے لیے اتوار کو بھی عدالت لگا رہے ہیں۔ معزز چیف جسٹس نے مزید کہا کہ بھینسوں کو لگانے والے ٹیکے پرپابندی لگائی تو گجر مخالف ہوگئے، گجر کہتے ہیں پیداوار کم نہ ہو، چاہے کینسر والا دودھ ہی لوگوں کو ملے، صحت کے معاملے میں سمجھوتا نہیں ہوگا، جس نے ہڑتال کرنی ہے کرلے۔ بعد ازاں عدالت نے کٹاس راج ازخود نوٹس کیس کی سماعت 15 روز کے لیے ملتوی کردی۔