خبرنامہ پاکستان

صحت کےمعاملوں پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:سپریم کورٹ

اسلام آباد:(اے پی پی) سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ دو دو کمروں پر مشتمل میڈیکل کالج بھی بننے کا پتہ چلا ہے ، صحت کے معاملہ پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ، چند طالب علموں کے لیے لاکھوں افراد کی زندگی خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتی ۔ سپریم کورٹ میں جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے الراضی میڈیکل کالج کیس کی سماعت کی ، پی ایم ڈی سی نے کالج کی انسپکشن رپورٹ جمع کرا دی جس پر کالج کے وکیل کا کہنا تھا کہ رپورٹ ان کے حق میں ہے ۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹ کا جائزہ لیں گے ، ہو سکتا ہے رپورٹ معیار پر پوری نہ ہو ، مسترد کر دیں صحت اور تعلیم کے معاملات پر سمجهوتہ نہیں ہوگا ، نئے میڈیکل کالج کی رجسٹریشن ، وہاں کس طرح کی تعلیم دی جا رہی ہے ، ڈاکٹرز کے لیے تربیت کا کیا انتظام ہے؟علم میں آیا ہے کہ دو کمروں کے بهی میڈیکل کالج منظور ہوئے ، کاغذوں میں ہسپتال اور سہولیات دکها دی جاتی ہیں ۔ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوتا ۔ 50 سٹوڈنٹس کے مستقبل کے لیے لاکهوں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں نہیں ڈال سکتے ۔ صحت کا تعلق براہ راست زندگی کے حق سے ہے ۔ حق زندگی کے معاملہ پر سمجهوتہ نہیں ہو سکتا ۔ عدالت نے سماعت بدھ تک ملتوی کردی ۔