خبرنامہ پاکستان

خيبرپخونخوا کابينہ آج حلف اٹھائے گی

خیبرپخونخوا کابینہ آج حلف اٹھائے گی، تاہم حلف برداری سے پہلے ہی تنازعات سامنے آگئے ہیں۔ بنوں سے تحریک انصاف کے کامیاب ایم پی اے شاہ محمد نے مشیر بننے سے انکار کردیا ہے۔

خیبرپختونخواہ اسمبلی کی 14 رکنی کابینہ آج بدھ کے روز گورنر ہاؤس میں عہدوں کا حلف اٹھائے گی، جب کہ ایک رکن شاہ محمد نے بطور مشیر حلف اٹھانے سے انکار کردیا ہے۔ کابینہ کا یہ حلف ایک بار پہلے بھی وزیراعلیٰ کی مصروفیات کے باعث ملتوی کی گئی تھی۔

چودہ رکنی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوگی اور وزراء سے حلف قائم مقام گورنر مشتاق احمد غنی حلف لیں گے صوبائی کابینہ میں سینیر وزیر عاطف خان سمیت گیارہ وزراء اور تین مشیر شامل ہیں۔

نئی صوبائی کابینہ میں عاطف خان سینیر وزیر کیساتھ ساتھ سیاحت کا محکمہ بھی سنبھالیں گے۔ شہرام ترکئی محکمہ بلدیات، تیمور سلیم جھگڑا وزیر خزانہ، محمد اشیاق ارمڑ محکمہ جنگلات، قلندرخان لودھی محکمہ خوراک، شکیل خان محکمہ مال، محب اللہ محکمہ زراعت، ڈاکٹر امجد علی محکمہ معدنیات، سلطان محمد خان محکمہ قانون، ہشام انعام اللہ محکمہ صحت، کامران بنگش محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر ہوں گے۔

اسی طرح عبدالکریم وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صنعت ہوں گے اور ضیاء اللہ بنگش بھی وزیراعلیٰ کے مشیر ہوں گے اس کے علاوہ اکبر ایوب خان کو من پسند وزارت نہ ملنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، جب کہ شاہ محمد نے بطور مشیر اپنے عہدے کا حلف اٹھانے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنوبی اضلاع کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے جنوبی اضلاع کو کابینہ میں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے تھا۔