خبرنامہ پاکستان

صدرمملکت سے پرنس کریم آغا خان کی ملاقات

صدرمملکت سے پرنس کریم آغا خان کی ملاقات
اسلام آباد:(ملت آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پرنس کریم آغا خان عالمی امن و استحکام، رواداری اور برداشت کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر حصوں میں انسانیت کی بھلائی کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پرنس کریم آغا خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اپنی اہلیہ پرنسس زہرا آغا خان اور وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ پرنس کریم آغا ایوان صدر پہنچے تو صدر مملکت نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آنر بھی دیا گیا۔ ملاقات میں وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سیکریٹری خارجہ تہمینہ درانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آغا خان فاؤنڈیشن ملک کے مختلف حصوں میں تعلیم، صحت اور دیہی ترقی کے لئے قابل تعریف خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے پرنس کریم آغا خان کی توجہ مبذول کرائی کہ ان کی فاؤنڈیشن سندھ اور شمالی علاقہ جات کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں ترقیاتی عمل میں ہاتھ بٹائے جس سے معزز مہمان نے اتفاق کیا۔ صدر مملکت نے 2005ء کے زلزلے میں آغا خان فاؤنڈیشن کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے دادا سر سلطان محمد خان بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے انتہائی قریبی ساتھی تھے جنہوں نے تحریک آزادی میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ پرنس کریم آغا خان نے پاکستان میں اپنے پرتپاک خیرمقدم پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ گرم جوش مہمان نوازی پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت کو پاکستان میں آغا خان فاؤنڈیشن کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے ایک جامع منصوبہ رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں آغا خان میڈیکل یونیورسٹی کو ایک مکمل یونیورسٹی میں تبدیل کر دیا جائے گا جس میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مزید علوم کے شعبے قائم کئے جائیں گے۔ پرنس کریم آغا خان نے بتایا کہ وہ پاکستان میں سکینڈری ایجوکیشن کے معیار کی بلندی کے لئے بھی ایک جامع منصوبہ رکھتے ہیں۔