لاہور:(ملت آن لائن) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پروٹوکول کی گاڑیاں دیکھ کر ایئرپورٹ سے باہر آنے سے ہی انکار کردیا۔
صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی اسلام آباد سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں انہوں نے پروٹوکول کی گاڑیاں دیکھیں تو پروٹوکول میں جانے سے انکار کردیا۔
صدرمملکت نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹرپراپنے بیان میں کہا کہ میری مسلسل کوشش ہے کہ صرف سیکیورٹی لوں اور لوگوں کے لیے مشکلات بننے والے پروٹوکول میں کمی کروں۔
صدر مملکت نے کہا کہ میں لاہور ایئرپورٹ پر ہوں جہاں 32 گاڑیاں ایئرپورٹ کے باہر مجھے لینے کے لیے کھڑی ہیں، اس وقت تک ایئرپورٹ کے اندر رہوں گا جب تک گاڑیاں واپس روانہ نہیں ہوجاتیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی کے پروٹوکول نہ لینے کے اصرار کے بعد پروٹوکول کی گاڑیاں واپس روانہ ہوگئیں اور صدرمملکت سیکیورٹی کی 5 گاڑیوں میں ایئرپورٹ سے گورنر ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے۔