خبرنامہ پاکستان

صدرمملکت کی اٹلی کے چیف آف ڈیفنس جنرل سٹاف سے ملاقات

اسلام آباد :(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان قومی لائحہ عمل کے ذریعے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ انہوں نے یہ بات اٹلی کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل سٹاف جنرل کلاڈیو گرازیانو سے ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہیں پاکستان اور اٹلی کی مسلح افواج کے درمیان ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا گیا۔ صدر نے کہا کہ دنیا میں تمام ممالک کو انسداد دہشت گردی کے لئے مل کر کوششیں کرنی چاہئیں کیونکہ یہ لعنت ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا بدترین شکار رہا ہے،اس جنگ میں ہم نے 60 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی اور 100 ارب ڈالر سے زائد کا اقتصادی نقصان اٹھایا ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے اور اب ہمیں اس تعاون کو مزید تقویت دینے کے لئے مضبوط بنیاد میسر ہے۔ صدر نے اس امر کو سراہا کہ اٹلی پاکستان کی مسلح افواج کے اہلکاروں کو تربیتی سہولیات پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ جنرل کلاڈیو گرازیانو نے نشان امتیاز (ملٹری) عطا کرنے پر صدر مملکت اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مستقبل میں نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ جنرل کلاڈیو نے کہا کہ دنیا میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لئے اٹلی اور پاکستان کے درمیان تعاون کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔