خبرنامہ پاکستان

صدرپاکستان وزیراعظم، آرمی چیف ودیگر کی اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد

صدرپاکستان

صدرپاکستان وزیراعظم، آرمی چیف ودیگر کی اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد

کراچی:(ملت آن لائن) پی ایس ایل تھری میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار کامیابی پر صدر و وزیر اعظم، آرمی چیف، چاروں گورنرز، وزرائے اعلیٰ اورسیاسی رہنماؤں نے فاتح ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے ان کا کہنا ہے کہ آج پاکستان جیت گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو مبارکباد دینےکا سلسلہ جاری ہے۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے فاتح ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں نے اچھا کھیل پیش کیا، پی ایس ایل کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پی ایس ایل کا چیمپئن بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پشاورزلمی نے بھی اچھا کھیل پیش کیا۔
اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت مبارک ہو، آج پاکستان جیت گیا، آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے قومی جذبے کو شکست نہیں دی جاسکتی، کراچی کے شائقین کا نظم وضبط مثالی رہا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت مبارک ہو، یہ کامیابی پاکستان اور کراچی کے عوام کی ہے، سندھ کےعوام نے جوش و جذبے کے ساتھ پی ایس ایل کا فائنل دیکھا، نیشنل اسٹیڈیم کو کھچا کھچ بھرا ہوا دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، کراچی کےعوام اب اگلے انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹ کی تیاری کریں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمدہ کھیل پیش کرنے پرپشاور زلمی بھی شاباشی کی مستحق ہے، شائقین کرکٹ کو اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ آصف علی زرداری نے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد دی ان کا کہنا تھا کہ تمام ٹیمیں پاکستان کی تھیں لہٰذا جیت بھی پاکستان کی ہوئی، شہید محترمہ بینظیربھٹو کا خون رنگ لایا کراچی میں کھیل کے میدان آباد ہوئے۔ انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پی بی سی کو بھی مبارکباد اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کوبہترین انتظامات پر شاباش دی۔ آصف زرداری نے کراچی میں امن کیلئے پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ کراچی کی رونقیں بحال ہوگئیں، جوکام چند سال پہلے سوچا بھی نہیں جاسکتاتھا وہ کر دکھایا، کراچی کی خوشیوں کےلئے ہم سب کو قربانی دینے کی ضرورت ہے۔ پی ایس ایل کے کامیاب گرینڈ شو کا کریڈٹ کرکٹ بورڈ کو جاتا ہے، سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے کامیاب اور پرامن ایونٹ کا انعقاد ممکن ہوا،پی سی بی نے کہا ہے کہ آئندہ میچز بھی پاکستان میں ہوں گے۔ میئرکراچی وسیم اختر نے اسلام آباد یونا ئیٹڈ کو پی ایس ایل میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے کراچی میں کامیاب انعقاد ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، کراچی کے کھیل کے میدان اسی طرح آباد رکھیں گے۔ وزیرداخلہ سندھ سہیل انورسیال نے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کو پی ایس ایل فائنل جیتنے پر مبارکباد دی ہے ان کا کہنا ہے کہ ایونٹ کا کامیاب اختتام پرامن پاکستان اور عوام کے خلوص کا ثبوت ہے، سہیل انورسیال نے پولیس، رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کو سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ نکراچی کنگز کے صدر شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہاہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو دلی مبارک باد دیتا ہوں جبکہ نجم سیٹھی، پاک فوج، حکومت، پولیس، رینجرز نے بہترین کام کیا، جس سے پاکستان کے عوام کو خوشی کا زبردست موقع ملا۔