خبرنامہ پاکستان

صدرکو ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کی عیدکی مبارکباد

اسلام آباد: (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین کو ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے عید کی مبارکباد دی ہے اور دونوں قائدین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی حقیقی بھائی اور یک جان دو قالب ہیں جن کے دوست اور دشمن ہی نہیں مفادات بھی مشترکہ ہیں، دونوں برادر ملک تمام عالمی فورموں پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے صدر مملکت ممنون حسین کو ٹیلی فون کیا اور عید کی مبارکباد پیش کی۔ صدر مملکت نے بھی اس موقع پر اپنی، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ترک قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور ترکی خلوص اور محبت کے رشتے میں منسلک ہیں اور خوشی و غمی ہر موقع پر کسی تحفظ کے بغیر ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں، بے غرض رشتے کی ایسی مثال دنیا میں خال ہی ملے گی۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کا تمام امور پر مؤقف مشترکہ اورعالمی فورمز پر ایک دوسرے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی عالمی رجحان، نمٹنے کیلئے عالم اسلام کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔ وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ نیوکلیئر سپلائر گروپ کے مسئلہ پر ترکی نے کھلے دل سے پاکستان کا ساتھ دیا اور ترکی عالمی فورموں پر پاکستان کی آئندہ بھی اسی طرح حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی اور بھائی چارے میں گرمجوشی اور گہرائی میں وقت گزرنے ساتھ اضافہ ہوتا رہے گا۔ انہوں کہا کہ سانحہ استنبول پر پاکستان کی پرجوش اور مخلصانہ حمایت کے شکر گزار ہیں اور پاکستان کے اس مؤقف کی بھرپور تائید کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے رجحان سے نمٹنے کیلئے عالم اسلام کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرکے ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئے۔