خبرنامہ پاکستان

صدر مملکت اوآئی سی کی 13ویں اسلامی سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے ترکی روانہ ہوگئے

اسلام آباد:(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین اوآئی سی کی 13ویں اسلامی سربراہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے بدھ کو استنبول روانہ ہوگئے جو 10سے 15اپریل تک ترکی کی میزبانی میں منعقد ہو رہی ہے۔ صدر مملکت تین روزہ دورے کے دوران سربراہ کانفرنس سے خطاب کے علاوہ او آئی سی کے رکن ممالک کے بعض رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔یہ سربراہ کانفرنس ’’انصاف اور امن کے لئے یکجہتی اور اتحاد ‘‘کے موضوع کے تحت ہو رہی ہے۔ جس میں شام ‘ یمن ‘ لیبیا ‘ افغانستان ‘ صومالیہ ‘ مالی ‘ جموں و کشمیر ‘ بوسنیا اور آرمینیا کی آزربائیجان پر جارحیت کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال کے علاوہ دیگر رکن ممالک کو درپیش مسائل پر بھی بحث ہوگی۔ استنبول سمٹ غیر او آئی سی رکن ممالک میں مسلم آبادیوں کی صورتحال اور انسداد دہشتگردی کے مسئلے پر بھی غور کرے گی۔ اس کے علاوہ رکن ممالک میں پائیدار ترقی ‘ صحت ‘ تعلیم ‘ ماحولیات کے شعبوں میں سائنسی تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ ثقافتی ‘ سماجی اور میڈیا تعاون ‘ انسانی ہمدردی معاونت ‘ تخفیف غربت اور انفراسٹرکچرکے بارے میں بھی خصوصی نشستیں ہوں گی۔
ajz/tar/hab 1205