خبرنامہ پاکستان

صدر مملکت ممنون حسین سے سوڈانی صدر کے خصوصی ایلچی کی ملاقات

اسلام آباد:(ملت+ اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مختلف شعبو ں میں تعاون سے پاکستان اور سوڈان کے درمیان باہمی تجارت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے‘ پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوستی کو مذہب، تاریخ اور ثقافت کے رشتے مضبوط بناتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو سوڈانی صدر کے خصوصی ایلچی کمال حسن علی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ خصوصی ایلچی سوڈانی صدر کا اہم پیغام لے کے صدر مملکت کے پاس آئے تھے۔ صدر مملکت نے سوڈانی صدر کی جانب سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) میں سوڈان کی نمائندگی کے لئے حمایت کی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سوڈان کے درمیان مختلف شعبوں میں وفود کا تبادلہ جاری رہنا چاہئے تاکہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید اضافہ ہو سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 ء میں سوڈان کی شرکت سے دونوں ملکوں میں تعاون کی مزید راہیں کھلیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سوڈان عالمی فورموں پر ایک دوسرے کی حمایت پہلے بھی کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے خصوصی ایلچی کمال حسن علی کو سوڈانی قیادت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کاپیغام بھی دیا۔